Home / World / العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

لاہور: احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو 14 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کو نیب حکام نے چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

نوازشریف کی پیشی کے موقع پر  عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد احتساب عدالت کے باہر موجود تھے  جب کہ پولیس نے عدالت کی طرف جانے والے راستے بند کردیے، پولیس کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کیے گئے۔

دھکم پیل سے طلال چوہدری گرگئے

نیب کی ٹیم نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا تو لیگی کارکنان اور رہنماؤں کی بڑی تعداد عدالت پہنچ گئی، کارکنان نے احاطہ عدالت میں شدید نعرے بازی کی جب کہ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی جس نے کارکنان کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔

کئی کارکنان کمرہ عدالت کے اندر بھی جا پہنچے جہاں انتہائی بدنظمی پیدا ہوگئی اور دھکم پیل کے باعث کمرہ عدالت میں رکھی ٹیبل بھی ٹوٹ گئی۔

ٹیبل ٹوٹنے سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نیچے آگرے۔

عدالت میں رش کی وجہ سے نوازشریف کو بھی روسٹرم پر پہنچنے میں شدید مشکل پیش آئی۔

نیب کی نوازشریف کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا

احتساب عدالت میں کیس کی کارروائی کا آغاز ہوا تو  نیب تفتیشی افسر نے  نواز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔

کارروائی کے موقع پر عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ نوازشریف کو گرفتاری کے وقت ورانٹ گرفتاری دکھائے گئے؟ جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ورانٹ گرفتاری باقاعدہ دکھا کر نوازشریف کو گرفتار کیا گیا۔

نوازشریف کا عدالت میں بیان

دورانِ سماعت نوازشریف نے روسٹرم پر آکر بیان دیا کہ آج صبح نیب کے لوگ آئے، میں نے کہا کہ میرا وکیل سے رابطہ نہیں ہوا جو الزامات لگائے ہیں وہ پڑھے ہیں، صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ 1937 سے 1971 تک پیسہ کاروبار سے آیا، میرے والد کاروباری آدمی تھے  اور ہمارا اس زمانے میں اسٹیل کا کام تھا،  اس وقت کی حکومت نے تمام ادارے قومیا لیے،ہماری ملز بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

 پانچ مرتبہ کی وزارت میں ایک پیسہ کی کرپشن دکھا دیں: نوازشریف

نوازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ بتائیں کرپشن کہاں ہوئی ہے،  میں اس ملک میں وزیر بھی رہا اور تین مرتبہ وزیر اعظم بھی رہا، پانچ مرتبہ کی وزارت میں ایک پیسے کی کرپشن دکھا دیں میں سیاست سے دستبردار ہوجاؤں گا، سیاست میں بہت بعد میں آیا،اثاثے پہلے کے ہیں،اس میں اونچ نیچ کہاں ہے، یہ نیب میرے لیے بنائی گئی، یہ مشرف نے صرف میرے لیے بنائی تھی، یہ ایک کالا قانون ہے،جو صرف مسلم لیگ ن کی قیادت اورکارکنوں کےخلاف استعمال ہوتا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں تو جیل میں ہوں، میری اتنی مخالفت ہے، یہ مجھے کالا پانی لےجانا چاہتے ہیں، نیب گوانتا ناموبے لے جانا چاہتی ہے تو یہ ان کی بھول ہے کہ مسلم لیگ (ن) گھبرا جائے گی۔

نیب پراسیکیوٹر کے دلائل

نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ 2016 میں نوازشریف سب سے زیادہ شئیر ولڈر پائے گے، نوازشریف چوہدری شوگر مل اور شمیم شوگر مل میں شئیر ہولڈر تھے، 1992 میں چودھری شوگر مل قائم کی گی۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نوازشریف 1992 میں 43 ملین شئیرز کے مالک تھے، چوہدری شوگر مل میں مریم نواز، شہباز شریف سمیت دیگر افراد شئیر ہولڈر تھے، میاں نوازشریف نے 1992 میں اتنے شئیرز کیسے حاصل کیے یہ نہیں بتایا گیا، نوازشریف کو 1 کروڑ 55 لاکھ روپے1992 میں بیرون ملک کی ایک کمپنی نے فراہم کیے، اس بیرون ملک والی کمپنی کا مالک کون ہےآج تک معلوم نہیں ہوسکا۔

نوازشریف کے وکیل کے دلائل

نوازشریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف چوہدری شوگر مل کے ڈائریکٹر اور شیئرہولڈر کبھی بھی نہیں رہے، ان کے اثاثوں کی چھان بین پہلی بار نہیں ہورہی، ان تمام تر اثاثہ جات قانون کے مطابق ہیں، پانامہ لیکس کی کمیٹی نے بھی تمام تحقیقات کیں،  نوازشریف پر سیاسی کیس بنائے گئےہیں۔

نوازشریف کا 25 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ منظور

نیب پراسیکیوٹر اور نوازشریف کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے سابق وزیراعظم کو 14 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔

واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی چوہدری شوگرملز میں گرفتاری کی منظوری دی۔

 نوازشریف کیلئے نیب ڈے کیئر سینٹر کو سب جیل کا درجہ دیا جائے گا

نیب لاہور کے ذرائع نے بتایا کہ چوہدری شوگر ملز میں نوازشریف مرکزی ملزم ہیں جن سے نیب حکام تفتیش کرنا چاہتے ہیں، نیب لاہور کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم سے نوازشریف جیل میں تفتیش کے دوران تعاون نہیں کرتے جس وجہ سے گرفتاری ضروری ہے۔

 نوازشریف کیلئے نیب ڈے کیئر سینٹر کو سب جیل کا درجہ دیا جائے گا جب کہ سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات رہے گی۔

ذرائع کے مطابق نیب نےسابق وزیراعظم نواز شریف سے جیل میں تفتیش کیلئے درخواست دے رکھی ہے،، شریف خاندان پر چوہدری شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

دوسری طرف لاہور کی احتساب عدالت لاہور نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔

نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر حافظ اسد اعوان نے درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، نیب کو چوہدری شوگر ملز کیس میں میاں نواز شریف سے تفتیش کرنی ہے، جیل کا قیدی ہونے کی وجہ سے میاں نواز شریف تفتیش کیلئے نیب آفس پیش نہیں ہو سکتے، لہٰذا عدالت جیل میں میاں نواز شریف سے تفتیش کی اجازت دے۔

عدالت نے نیب کی درخواست پر میاں نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔

یاد رہے کہ میاں نوازشریف ان دنوں کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں ، احتساب عدالت نے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

About Editor Tehqiq Nama

Check Also

طوفان کیار کی شدت: کراچی میں سمندر کا پانی سڑک پر آگیا

کراچی: سمندری طوفان کیار  کی شدت سے کئی ساحلی بستیاں زیر آب آگئیں۔ طاقتور ترین …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے