واسا عوام کی سہولت اور تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ۔ ایم ڈی وسا
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) راولپنڈی اور اسلام آباد میں متوقع بارشوں کے پیشِ نظر واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف کے مطابق نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری پیشگی طور پر تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈرپاس، مری روڈ اور صادق آباد کے نشیبی علاقوں میں نکاسیٔ آب کا عمل بلا تعطل جاری ہے، جبکہ نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ اس وقت معمول کے مطابق ہے اور صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔ ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ شدید بارش کی صورت میں فوری ردِعمل کے لئے رین ایمرجنسی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں، جبکہ ایم ڈی واسا کی خصوصی ہدایت پر فیلڈ افسران خود نکاسیٔ آب کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ واسا انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نالوں اور گٹروں کے ڈھکن کھلے رکھنے سے گریز کریں اور کچرا نالوں میں نہ پھینکیں تاکہ نکاسیٔ آب کے نظام میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ ترجمان کے مطابق نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری نکاسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ایم ڈی واسا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں واسا ہیلپ لائن پر فوری رابطہ کریں، واسا عوام کی سہولت اور تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔





